آندھراپردیش ریاست میں آج اسمبلی و لوک سبھا کے انتخابات

   

مشرقی گوداوری میں سب سے زیادہ رائے دہندے ، گنٹور رائے دہندوں میں چھوٹا ، انتخابات کے انتظامات مکمل
حیدرآباد ۔ 10اپریل ( سیاست نیوز)ریاست آندھراپردیش میں 25 لوک سبھا اور 175 اسمبلی حلقہ جات کیلئے 11اپریل کو صبح 7 بجے سے رائے دہی کا آغاز ہوکر شام 6 بجے تک جاری رہے گی ۔ اس رائے دہی کے پُرامن و منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ آندھراپردیش میں اصل مقابلہ تلگودیشم پارٹی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مابین ہے ۔ آندھراپردیش میں جملہ 3,93,45,717 کروڑ روائے دہندے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے ۔ ان جملہ رائے دہندوں میں مرد رائے دہندوں کی تعداد 1,94,62,339 کروڑ اور خاتون رائے دہندوں کی تعداد 1,98,79,421 کروڑ ہے ۔ ذرائع کے مطابق آندھراپردیش میں سب سے زیادہ رائے دہندوں کی تعداد 42,04,436 لاکھ ضلع مشرقی گوداوری میں پائی جاتی ہے اور سب سے کم رائے دہندوں کی تعداد 39,74,491 لاکھ ضلع گنٹور میں ہے ۔ ایک اور ذرائع کے مطابق آندھراپردیش میںجملہ 2118 امیدواروں کے منجملہ صرف 2007 امیدواروں نے اپنے حلفناموں میں مکمل تفصیلات درج کئے ہیں ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے والے 175 امیدواروں کے منجملہ 97 امیدواروں کیخلاف کریمنل کیسیس ( فوجداری مقدمات ) پائے جاتے ہیں ۔ جبکہ 2007 حلفنامہ داخل کئے ہوئے امیدواروں کے منجملہ 632 امیدواروں کا شمار کروڑ پتیوںمیں کیا جاتا ہے ۔ جن میں 159 وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار ، 157 تلگودیشم پارٹی امیدوار ، 83جنا سینا پارٹی امیدوار شامل ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے والے 901 امیدوار صرف پانچویں جماعت تا انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کئے ہوئے ہیں ۔ 957 امیدوار گریجویشن اور اس سے زائد سطح پر تعلیم حاصل کئے ہوئے بتائے جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں انتخابی مقابلہ میں شامل جملہ امیدواروں کے منجملہ 648 امیدواروں کی عمر 25 تا 40سال ، 1128 امیدواروں کی 41سال تا 60 سال اور 220 امیدواروں کی عمر 61سال تا 80سال کے درمیان بتائی جاتی ہے ۔ صرف چار امیدواروں نے اپنی عمر زائد از 80سال ہونے کا اظہار کیا ہے ۔