وائی ایس آر کانگریس حکومت کے فلاحی اقدامات سے تلگودیشم بقاء کیلئے کوشاں: روجا
حیدرآباد ۔ /21 اگست (سیاست نیوز) صدرنشین آندھراپردیش انڈسٹرئیل انفراسٹرکچر کارپوریشن شریمتی آر کے روجا نے اپنی پیش قیاسی کی کہ آئندہ انتخابات میں تلگودیشم پارٹی کو ریاست بھر میں صرف دو تین نشستوں پر ہی کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے روبہ عمل لائے جانے والے اقدامات پر تلگودیشم پارٹی صرف حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنی بقاء کا تحفظ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے ریاست میں نئے ڈرامے کرنے کو دیکھتے ہوئے ریاستی عوام تلگودیشم اور مسٹر چندرا بابو سے اپنی اکتاہٹ کا اظہار کررہے ہیں ۔ شریمتی روجا نے مزید کہا کہ تلگودیشم پارٹی خواہ کتنے ہی ڈرامے کرے ۔ ریاستی عوام اب تلگودیشم پارٹی پر بھروسہ و اعتماد ہرگز نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مناسب اندازمیں بارش ہونے کے باعث ریاست کی ندیاں لبریز ہونے سے عوام میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے ۔ ڈرون کیمروں کے استعمال کا تذکرہ کرتے ہوئے شریمتی روجا نے چندرا بابو سے دریافت کیا کہ آیا انہیں ڈرون کیمروں سے کیوں خوف ہے ۔ سابق تلگودیشم حکومت میں پیش آئیں بے قاعدگیوں و کرپشن کا تذکرہ کرتے ہوئے صدرنشین آندھراپردیش انڈسٹرئیل انفراسٹرکچر کارپوریشن نے کہا کہ محض چندرا بابو کی زیرقیادت سابق حکومت کے بدعنوان نظم و نسق کو دیکھتے ہوئے ہی عوام نے تلگودیشم پارٹی کو 30 تالابوں کا پانی پلاکر اس مرتبہ صرف 23 نشستوں تک ہی محدود کردیا اور اس طرح آئندہ انتخابات میں ریاستی عوام تلگودیشم پارٹی کو صرف دو تین نشستوں تک ہی محدودکردیں گے ۔
افتتاح اسلامک بک سنٹر
حیدرآباد ۔ /21 اگست (راست) کتابوں کی دنیا کا بہترین مرکز جہاں اردو تلگو ، ہندی اور انگریزی زبان کے مشہور و معروف مکتبوں کی سب ہی کتابیں یہاں دستیاب رہیں گی ۔ وسیع و عریض گریٹر حیدرآباد کی دوریوں کو ختم کرتے ہوئے قرآن و حدیث کے تراجم ، تفاسیر اور احادیث شریفہ کے مستند مجموعے اور دینی اور تحریک اسلامی کے تمام ہی کتب اور نصابی کتابیں جامعہ ریاض الصالحات کا سہولت بخش مرکز قائم کیا جارہا ہے ۔ جس کا افتتاح مولانا محمد حسام الدین (جعفر پاشاہ) امیر ملت اسلامیہ ہند تلنگانہ کے دست مبارک سے /23 اگست کو بعد نماز جمعہ عمل میں آئے گا ۔