آندھراپردیش کے تمام اضلاع میں صبح 6 تا رات 9 بجے تک کرفیو میں نرمی

   

کووڈ قواعد پر سختی سے عمل کرنے جگن موہن ریڈی کی کلکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد۔13 ۔جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں کورونا کے کیسس میں کمی کے بعد جگن موہن ریڈی حکومت نے تمام اضلاع میں صبح 6 تا رات 9 بجے تک کرفیو میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت نے دو اضلاع میں کیسس میں زیادہ تعداد کے سبب نرمی کے اوقات کو کم رکھا تھا لیکن حالات میں بہتری کے سبب دیگر اضلاع کی طرح نرمی کے اوقات میں اضافہ کیا گیا ۔ حکومت کے فیصلہ کے مطابق صبح 6 تا رات 9 بجے تک تجارتی سرگرمیوں کی اجازت رہے گی جبکہ ایک گھنٹہ گھر واپسی کی رعایت دی گئی ہے۔ رات 10 بجے سے دوسرے دن صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا ۔ حکومت نے تمام ضلع کلکٹرس کو نرمی کے اوقات میں کووڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروںکے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کورونا پر قابو پانے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے ہیں۔ ماسک کے عدم استعمال پر 100 جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ دکاندار اور خریدار دونوں کو ماسک کا استعمال کرنا لازمی رہے گا ۔ خلاف ورزی کی صورت میں دکانات کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر تین دن تک دکانات کو مہربند کردیا جائے گا ۔