آندھراپردیش کے عازمین حج کے بینک اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی

   

حیدرآباد18مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے وجئے واڑہ سے سعادت حج کیلئے جانے والے عازمین کے بینک اکاؤنٹس میں فی کس 80 ہزار روپئے کی رقم منتقل کردی ہے۔ اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی جناب عبدالقادر کے مطابق سفری اخراجات میں اضافہ کے پیش نظر حکومت نے وجئے واڑہ سے جانے والے عازمین کی مالی امداد کا فیصلہ کیا ہے۔ آندھراپردیش سے جاریہ سال 2300 عازمین کی روانگی کا امکان ہے جن میں سے 1700 وجئے واڑہ ایرپورٹ سے روانہ ہونگے۔ عازمین حج کیلئے وجئے واڑہ کو پہلی بار امبارگیشن پوائنٹ مقرر کیا گیا جہاں سے جانے والے عازمین کے جملہ اخراجات 388580 روپئے ہیں جبکہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کے عازمین کا جملہ خرچ 305173 روپئے ہے ۔ 1700 عازمین وجئے واڑہ سے روانہ ہورہے ہیں جن کیلئے حکومت نے مالی امداد کا اعلان کیا ۔ حکومت نے 14 کروڑ 51 لاکھ روپئے جاری کئے۔ بنگلور سے 200 اور حیدرآباد سے 40 عازمین روانہ ہونگے۔ گزشتہ سال جگن حکومت نے تین لاکھ سے کم آمدنی والے عازمین کو 60 ہزار روپئے جبکہ تین لاکھ سے زائد سالانہ آمدنی کے عازمین کو 30 ہزار روپئے کی امداد دی تھی۔ر