فہرست رائے دہندگان سے متعلق شکایتوں کی سماعت، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمارکی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد وجئے واڑہ کے دورہ پر ہے۔ گذشتہ دو دنوں سے عہدیداروں اور سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیو کمار نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ چناؤ کو یقینی بنانا کمیشن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے رائے دہندوںسے اپیل کی کہ انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ آندھرا پردیش میں لوک سبھا کے ساتھ اسمبلی انتخابات مقرر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کیلئے بہتر ماحول پیدا کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فہرست رائے دہندگان کے بارے میں بعض سیاسی پارٹیوں نے اپنے اندیشوں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن فہرست رائے دہندگان کے بارے میں سیاسی پارٹیوں کی نمائندگی کا جائزہ لے گا۔ راجیو کمار کے مطابق ایک سیاسی پارٹی نے نیم فوجی دستوں کے ذریعہ سیکوریٹی انتظامات کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے سلسلہ میں وہ آندھرا پردیش کا پہلا دورہ کررہے ہیں۔ فہرست رائے دہندگان میں بوگس ناموں کی شمولیت کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ کئی سیاسی پارٹیوں نے الیکشن میں دولت کے استعمال کو روکنے کی اپیل کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق آندھرا پردیش کے جملہ رائے دہندوں کی تعداد 4.07 کروڑ ہے جن میں خاتون رائے دہندے 2.07 کروڑ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرد رائے دہندوں کے مقابلہ خواتین کی تعداد کسی قدر زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 80 سال سے زائد عمر کے افراد اور معذورین کو گھر پر ووٹ دینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 1