گذشتہ تین سال سے مسلسل ریکارڈ ، ملک بھر میں سرفہرست ریاست کا مقام
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) ہندستان میں گذشتہ تین برسوں کے دوران انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے والوں کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ ریاست آندھراپردیش میں ہوا ہے جہاں مالی سال 2020-21 تا2023-24 کے دوران 18 لاکھ نئے انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے والوں کا اضافہ ہواہے۔عوام اپنے CIBIL کو بہتر بنانے کے علاوہ اپنے پیان کارڈ کے ذریعہ انکم ٹیکس ریٹرنس کے ادخال کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاست آندھراپردیش میں گذشتہ 3 برسوں کے دوران ہوئے اس اضافہ کے بعد آندھراپر دیش ملک میں سرفہرست ریاست بن چکی ہے جہاں سب سے زیادہ انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے والوں نے ان تین سالوں کے دوران اندراج کو یقینی بنایا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ملک میں ریاست مہاراشٹرا دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی اعتبار سے ان تین برسوں کے دوران 13لاکھ 90ہزار نئے انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے والوں کی نشاندہی کی گئی ۔ تیسرے نمبر پر ریاست اترپردیش ہے جہاں سے ان تین برسوں کے دوران 12لاکھ 70ہزار افراد نے انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے والوں میں اپنا اندراج کروایا ہے۔ اسی طرح گجرات چوتھے نمبر پر ہے جو کہ اس مدت میں 8لاکھ 80 ہزار نئے انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے والوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مالی سال 2020-21 تا2023-24 کے دوران تلنگانہ میں یہ صورتحال منفی ریکارڈ کی گئی ہے اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والوں نے انکم ٹیکس ریٹرنس کے ادخال کے سلسلہ میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کے نتیجہ میں قومی سطح پر تیار کی گئی ریاستوں کی اس فہرست میں تلنگانہ کو 20واں مقام حاصل ہوا ہے۔ عہدیدارو ںکی جانب سے تیار کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں اس مدت کے دوران انکم ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے والوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ میں ملک کی 5 سرکردہ ریاستوں کی جانب سے 60 فیصد ریٹرنس داخل کرنے والوں کا اضافہ ہوا ہے جبکہ مابقی تمام ریاستوں کا حصہ 40 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔3