آندھرا پردیش میں فیس ری ایمبرسمنٹ کی اجرائی طلبہ کے لیے جگن کا انعام

   

حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے لاک ڈاؤن سے متاثرہ طلبہ کیلئے خوشخبری سنائی ہے۔ تعلیمی سال 2018-19ء کے فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایاجات کے طور پر 1800 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ تعلیمی سال 2019-20ء کے تین سہ ماہی کا فیس ری ایمبرسمنٹ جاری کیا گیا۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے طلبہ کی والدہ کے بینک اکاؤنٹ میں فیس ری ایمبرسمنٹ کی رقم جمع کی جائے گی۔ جگن موہن ریڈی نے ہر راشن کارڈ ہولڈر کو 1000 روپئے ادا کرنے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ماسک اور پی پی ای ڈریس تمام دواخانوں میں ڈاکٹرس کیلئے دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے ریاست بھر میں ہیلتھ سروے منعقد کرنے کی ہدایت دی۔