آندھرا پردیش میں نامزد عہدوں پر تقررات

   

چندرا بابو نائیڈو کی مساعی‘ کل پولیٹ بیورو کا اہم اجلاس
حیدرآباد۔/6 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں برسراقتدار آنے کے بعد صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو نے نامزد عہدوں پر تقررات کیلئے مشاورت کا عمل شروع کیا ہے۔ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد کارپوریشنوں کے صدور نشین کے عہدوں پر کوئی تقررات نہیں کئے گئے۔ نائیڈو حکومت نے سرکاری خزانہ کو مستحکم کرنے آمدنی کے وسائل پر توجہ مرکوزکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو نے جمعرات کو پارٹی پولیٹ بیورو کا اجلاس طلب کیا جس میں اسمبلی اور لوک سبھا چناؤ میں این ڈی اے کی کامیابی کیلئے محنت کرنے والے قائدین کو حکومت کے نامزد عہدوں پر مامور کرنے کا جائزہ لیا جائیگا۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں یہ اجلاس طلب کیا جس میں پارٹی ٹکٹ سے محروم قائدین کی بے چینی اور ناراضگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ سرکاری عہدوں پر تقررات میں جنا سینا و بی جے پی قائدین کے ناموں پر بھی غور ہوسکتا ہے کیونکہ ریاست میں تینوں کی مخلوط حکومت ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے ان کی پارٹی کے قائدین کو اہم عہدوں کی سفارش کی ۔ پولیٹ بیورو اجلاس میں وشاکھاپٹنم مجالس مقامی ایم ایل سی نشست کیلئے پارٹی امیدوار کے نام پر بھی غور کیا جائیگا۔ ریاست میں تلگودیشم رکنیت سازی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 8 اگسٹ کا پولیٹ بیورو اجلاس سیاسی اور تنظیمی دونوں سطح پر اہمیت کا حامل رہے گا۔1