حیدرآباد16 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں پی آر سی مسئلہ پر سرکاری ملازمین کی یونینوں کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ حکومت تعطل ختم کرنے کوشش کر رہی ہے۔ حکومت کے مشیر ایس رام کرشنا ریڈی نے بتایا کہ وزیر فینانس اور چیف سکریٹری نے ملازمین نمائندوں سے بات کرکے قابل قبول حل تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر فینانس کی سطح پر کسی نتیجہ کے بعد یونین کے قائدین سے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی ملاقات کریں گے ۔ وزیر فینانس راجندر ناتھ ریڈی چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے پی آر سی کے بارے میں ملازمین کے موقف سے واقف کرائیں گے ۔ حکومت ملازمین کو 27 فیصد فٹمنٹ کی ادائیگی کیلئے تیار ہے لیکن ملازمین 43 فیصد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکومت کے مشیر نے بتایا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر مرکز سے ریاست کو فنڈس کی اجر ائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی دشواریوں کا بہانہ بناکر مرکز نے آندھراپردیش کو اس کا حق جاری نہیں کیا۔ حکومت عبوری راحت کے طور پر 27 فیصد سے زائد ادائیگی کے موقف میں نہیں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد پی آر سی کے مسئلہ پر کوئی نتیجہ برآمد ہوگا۔ ر