امراوتی 23 مارچ ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے عملا کرفیو جیسی صورتحال پیدا کردی گئی ہے تاہم ریاست میںایک اور نوجوان کے اس وائرس سے متاثر ہونے کا پتہ چلا ہے جو لندن سے وشاکھاپٹنم واپس ہوا تھا ۔ اس طرح اب تک اس وائرس کے متاثرین کی تعداد ریاست میںسات ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سات میںایک مریض صحتیاب ہوچکا ہے اور اسے نیلور میں دواخانہ سے ڈسچارچ کردیا گیا کیونکہ اس کا دوسرا ٹسٹ بھی منفی رہا تھا ۔ ریاست کے میڈیکل بلیٹن میں یہ بات بتائی گئی ۔ محکمہ کی جانب سے شبہ کی بنیاد پر جملہ 181 نمونے جانچ کیلئے روانہ کئے ہیں اور 166 کے نتائج منفی آئے ہیں۔ محکمہ صحت نے اپنے تازہ ترین بلیٹن میں بتایا کہ آٹھ افراد کے معائنوں کی رپورٹس کا انتظار ہے ۔ حکومت نے بیرونی ممالک سے آئے 14 ہزار افراد کی نشاندہی کرکے انہیں آئیسولیشن میں رکھا ہے ۔