حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت امراوتی کے مسئلہ پر ریاستی حکومت کی درخواست کی 28 نومبر کو سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے مارچ میں فیصلہ سناتے ہوئے حکومت کی جانب سے 3 علحدہ دارالحکومتوں کی تشکیل کے فیصلہ کو کالعدم کردیا تھا۔ ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے احکامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس ہریش کیش رائے پر مشتمل ڈیویژن بنچ کو سابق اٹارنی جنرل اور نامور قانون داں اے کے وینو گوپال نے بتایا کہ ہائی کورٹ کے فیصلہ سے ریاستی حکومت متاثر ہوئی ہے۔ مقننہ کو دارالحکومت کی منتقلی یا تقسیم کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ وینو گوپال نے سوال کیا کہ کیا ہائی کورٹ اس بات کا مجاز ہے کہ مستقبل میں کسی بھی قانون سازی کو روکنے کی ہدایت دے۔ سپریم کورٹ میں جملہ 36 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں 28 آندھرا پردیش کی تقسیم سے متعلق ہیں جبکہ 8 درخواستوں میں ہائی کورٹ کے 3 مارچ کے احکامات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ر