علیحدہ کئے جانے والے وزراء کی فہرست گورنر کے حوالے
حیدرآباد۔7 ۔ اپریل (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں مکمل کابینہ نے استعفی پیش کردیا ہے ۔ اب چیف منسٹر جگن موہن ریڈی از سر نو کابینہ تشکیل دیں گے ۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے 2024 کے اسمبلی انتخابات سے قبل کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج کابینہ کے اجلاس کے بعد ریاست کے تمام 24 وزراء نے اپنے استعفی پیش کردئے ہیں۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے حکومت کی نصف معیاد کے بعد کابینہ میں تبدیلیوں کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور یہ تبدیلیاں ڈسمبر 2021 میں ہی ہونی تھییں تاہم کورونا ودیگر وجوہات کی بناء پر اسے ملتوی کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر نے آج گورنر بسوا بھوشن ہری چندن سے ملاقات کی اور انہیں کابینہ سے علیحدہ کئے جانے والے وزراء کی فہرست بھی پیش کردی ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ 11 اپریل سے قبل کابینہ میں توسیع اور تبدیلی کی جائے گی۔ قریبی ذرائع کے مطابق 9 اپریل کو تقریب حلف برداری منعقد ہوگی۔ موجودہ کابینہ کے صرف 4 وزراء کو برقرار رکھتے ہوئے دوسروں کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ گورنر کو نئے وزراء کی فہرست عنقریب روانہ کی جائے گی۔ بتایا جاتاہے کہ جگن موہن ریڈی نے کابینہ سے علحدہ کئے جانے والے 19 وزراء کی فہرست گورنر کے حوالے کردی۔ نئی کابینہ میں 5 ڈپٹی چیف منسٹرس کو شامل کیا جائیگا۔