حیدرآباد۔/13 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شریمتی شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کرتے ہوئے 18 جنوری سے شروع ہونے والے ’’کنٹی ویلوگو‘‘ ( آنکھوں کی روشنی ) پروگرام پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ پروگرام کی اضلاع میں کامیابی کیلئے موثر انتظامات کریں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ 2018 میں پہلے مرحلہ کے پروگرام میں آنکھوں کے معائنوں کے جو ریکارڈ قائم کئے گئے تھے اسے تجاوز کرنے کیلئے گذشتہ سے زیادہ معائنوں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پرائمری ہیلت سنٹرس اور اربن سنٹرس میں ابھی تک تقریباً 15 لاکھ عینکیں روانہ کی گئی ہیں۔ پروگرام کے بہتر انعقاد کیلئے 1500 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ انہوں نے آنکھوں کی روشنی پروگرام کے بارے میں شعور بیداری مہم کا مشورہ دیا اور کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر سکریٹری ہیلت سید مرتضیٰ علی رضوی، کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر شویتا موہنتی، ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن ست نارائنا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر