حیدرآباد ۔ خواہ مرد ہو یا عورت ہر انسان خوبصورت نظرآنا چاہتا ہے اور تروتازہ شاداب چہروں کو خوبصورت قرار دیاجاتا ہے، اگر جِلد صاف شفاف نکھری ہو مگر آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے موجود ہوں تو ایسے میں ساری شخصیت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ مارکیٹ میں آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کے علاج کے لیے درجنوں کیمیکل سے لبریزکریمس دستیاب ہیں جو کہ قیمت پر مہنگی اور نتائج سے متعلق غیر موثر ثابت ہوتی ہیں، ان کریمس کے لگانے سے حلقوں پرکوئی خاطر خواہ فرق نہیں پڑتا البتہ آنکھوں کی صحت اور بینائی ضرور داو پر لگ جاتی ہے۔ طبی ماہرین کی جانب سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ کریمس لگا کر باہر سے سیاہ حلقوں کا علاج کرنے کے بجائے اپنی غذا میں مثبت تبدیلیاں لا کر اندر سے اِن کا علاج اور اِن سے تادیر چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے مگر سب سے پہلے سیاہ حلقے بننے کی وجوہات جاننا لازمی ہے۔
آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے کیوں بنتے ہیں ؟
ماہرین کے مطابق نیندکی کمی کے سبب آنکھوں کے گردگہرے حلقے بن جاتے ہیں جبکہ خواتین میں ہارمونزکی تبدیلی اور چڑچڑے پن، ذہنی دباوکے سبب بھی سیاہ حلقے پڑتے ہیں۔اس کے علاوہ نشہ آور ادویات کا زیادہ استعمال، سگریٹ نوشی، پانی کی کمی اور غذائی کمی کے سبب بھی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے بن جاتے ہیں ۔
علاج بذریعہ غذا : طبی ماہرین کے مطابق سیاہ حلقوں سے نمٹنے کے لیے غذائیت اہم کردار ادا کرتی ہے، وٹامن سی سے بھرپور غذائیں جیسے کھٹے پھل، گوزبیری اور پپیتا فائدہ مند ہے۔ماہرین کے مطابق گری دار میوے اور بیج جیسے کہ بادام، سورج مکھی کے بیج، مونگ پھلی، اور فلیکس سیڈ (السی) وٹامن ای وغیرہ اہم ہیں۔
وٹامن سی: طبی ماہرین کے مطابق وٹامن سی سے بھرپور غذائیں اِن پریشان کن سیاہ حلقوں سے نجات دلانے میں مدد دے سکتی ہیں، وٹامن سی کھٹے پھلوں جیسے کہ سنترے، لیموں، کیوی، مالٹے، انگور، انڈین گوزبیری (آملہ)، امرود اور پپیتے میں بہتر مقدار میں پایا جاتا ہے۔
لائکوپین (لال غذاؤں میں پایا جانے والا جز): طبی ماہرین کے مطابق لائکوپین (لال غذاؤں) کا استعمال سیاہ حلقوں سے نجات دلا سکتا ہے، لال غذاؤں میں تربوز، انار، ٹماٹر، لال گریپ فروٹ اور گاجر وغیرہ شامل ہیں۔
آئرن سے بھرپور غذائیں: آئرن سے پھرپور غذاؤں میں سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، میتھی (میتھی دانہ اور سبزی)، دالیں ، پھلیاں، تل کے بیج (تل) اورگڑ وغیرہ شامل ہے۔
وٹامن ای:گری دار میوے اور بیج وٹامن ای سے بھرپور ہوتے ہیں، وٹامن ای حاصل کرنے کے لیے بادام، سورج مکھی کے بیج، مونگ پھلی اور فلیکس سیڈز (السی) کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سبز پتوں والی سبزیاں: طبی ماہرین کے مطابق ہرے پتے والی سبزیاں ناصرف آئرن حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں بلکہ اِنہیں بطور غذا سیاہ ہلکے کے خاتمے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، ہرے پتے والی سبزیوں میں پالک، دھنیے کے پتے، پودینے کے پتے وغیرہ استعمال کیے جا سکتے ہیں، پودینے میں وٹامن کے زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے، ان کا باقاعدہ استعمال وٹامن کے کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔