ماہانہ 71 کروڑ کے اخراجات ۔ ریاستی وزیر ستیہ وتی راتھوڑ
حیدرآباد 10 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے آنگن واڑی ٹیچرس ‘ منی آنگن واڑی ٹیچرس اور آنگن واڑی ہیلپرس کے اعزازیہ میں 30 فیصد کا اضافہ کردیا ہے ۔ اس اضافہ پر 7 جولائی 2021 سے عمل آوری ہوگی ۔ بحیثیت مجموعی 67,411 آنگن واڑی اسٹاف کو ریاستی حکومت کے فیصلے سے فائدہ ہوگا ۔ آنگن واڑی ٹیچرس کا موجودہ اعزازیہ 10,500 ہے جو اب بڑھ کر 13,650 ہوجائیگا ۔ اسی طرح منی آنگن واڑی ٹیچرس اور آنگن واڑی ہیلپرس کا معاوضہ جو اب 6,000 روپئے ہے وہ بڑھ کر 7,800 ہوجائیگا ۔ وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڑ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کے قیام کے بعد سے آنگن واڑی اسٹاف کے اعزازیہ میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آنگن واڑی اسٹاف کی تنخواہوں میں تین مرتبہ اضافہ کیا ہے
۔ آنگن واڑی اسٹاف کو ماہانہ اعزازیہ پر ریاستی حکومت ماہانہ 71 کروڑ روپئے خرچ کر رہی ہے جبکہ مرکزی حکومت اس میں صرف 13.68 کروڑ روپئے خرچ کر رہی ہے جو 19 فیصد ہوتے ہیں۔ ریاستی حکومت 81 فیصد اخراجات اعزازیہ کی ادائیگی میں برداشت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی اقتدار میں آنے سے قبل مرکزی حکومت کا حصہ 90 فیصد ہوا کرتا تھا اور ریاستی حکومت صرف 10 فیصد اخراجات برداشت کیا کرتی تھی ۔ بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے 90 فیصد کو گھٹا کر 60 فیصد کردیا گیا ہے ۔ مرکز نے بعد میں فیصلہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے حصہ کو 10 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کردیا ہے ۔