آن لائن آرڈر کی بریانی کھا کر خاتون چل بسی

   

تھرواننتاپورم : ملک میں آن لائن بریانی آرڈر کرنے والی خاتون، بریانی کھانے کے بعد چل بسی۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کیرالا میں انجو سری پاروتی نامی 20 سالہ نوجوان لڑکی مبینہ طور پر بریانی کھانے کے بعد چل بسی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انجو نے 31 دسمبر کو مقامی ریستوران سے بریانی آن لائن آرڈر دے کر منگوائی تھی، جسے کھا کر اس کی حالت غیر ہوگئی۔ حالت بگڑنے پر اسے فوری مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج چل رہا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ آج صبح لڑکی کی موت واقع ہوگئی ہے۔ تاہم متاثرہ لڑکی کے والدین کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، مزید کارروائی فورنزک رپورٹ آنے کے بعد کی جائے گی۔ دوسری جانب وزیر صحت وینا جارج نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ان تمام ریستوران کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم جاری کردیا ہے جن پر فوڈ پوائزننگ کا الزام ہے۔