آن لائن خریداری، آئی فون 13 کی جگہ آئی فون 14 موصول

   

نئی دہلی : برصغیر میں اکثر صارفین آن لائن شاپنگ کے حوالے سے تلخ تجربات کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں لیکن آن لائن خریداری کرنے والا ایک شخص ایسا بھی ہے جس کی قسمت پر ہر ایک رشک کر اُٹھا۔ مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اشون ہیگڑے نامی صارف نے اپنے دوست کا آن لائن خریداری کے حوالے سے تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے دوست نے آئی فون 13 آرڈر کیا تھا، لیکن جب اسے آرڈر موصول ہوا تو پیکٹ سے آئی فون 14 نکلا۔ اشون ہیگڑے کی ٹوئٹ تیزی سے وائرل ہوئی اور 7 سو سے زائد بار ری شیئر کیا گیا جبکہ تقریباً 10 ہزار صارفین نے اسے لائکس کیا۔ سوشل میڈیا صارفین اس کی ٹوئٹ کے کمنٹس میں دلچسپ تبصرے دے رہے ہیں، کسی کا کہنا ہے کہ آپ کے دوست کی لاٹری نکل گئی تو کوئی اس کی قسمت پر رشک کر رہا ہے۔ ایک صارف کا کہنا ہے کہ قسمت ہوتو ایسی۔ واضح رہے کہ بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے مشورہ دیا کہ صارف کے دوست کو ایمانداری سے کام لیتے ہوئے آئی فون 14 واپس کرنا چاہیے۔