ای ۔کامرس پالیسی میں ترمیم کا فیصلہ، صارفین کو راحت ممکن
حیدرآباد۔7اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت ہند کی جانب سے ای ۔کامرس یعنی آن لائن خریداری کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنیوں کے متعلق نئی پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اورکہا جا رہاہے کہ ماہرین کو مرکزی حکومت نے 16 ستمبر سے نئی پالیسی کو مرتب کرتے ہوئے تجاویز حکومت کو روانہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے تیار کی جانے والی ای۔کامرس پالیسی میں حکومت نے ترمیم کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ آن لائن خریدی گئی اشیاء کی واپسی اندرون 14 یوم ممکن بنائی جائے ۔ آن لائن خریداری کے دوران اشیاء کے پسند نہ آنے کی صورت میں ان کی واپسی اور ان کی جگہ دوسری نئی اشیاء کی خریدی کے متعلق حکومت نے فیصلہ کیا ہے ان واپس کروائی جانے والی اشیاء کو 14 یوم میں واپس کرنے کی سہولت فراہم کی جائے فی الحال یہ سہولت الگ الگ کمپنیوں میں علحدہ علحدہ ہے بعض کمپنیاں واپسی کیلئے 10 یوم کی مدت رکھتی ہیں اور بعض کمپنیوں کی جانب سے 15یا30 دن کی سہولت بھی موجود ہے لیکن حکومت کی نئی مجوزہ پالیسی میں کم از کم 14یوم کی مہلت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے پالیسی تیار کرنے والے عہدیداروں کو اس بات کی بھی ہدایت دی ہے کہ وہ مجوزہ پالیسی میں ای۔کامرس اداروں کی جانب سے کمپنی کے نام سے نقلی اشیاء کی فروخت کو روکنے کیلئے بھی سخت اقدامات کریں کیونکہ اس بات کی بھی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں کہ سرکردہ کمپنیوں کے ناموں سے جاری فروخت کی جانے والی بیشتر اشیاء نقلی ثابت ہوتی ہیں اور صارفین کو مجبوری میں ان اشیاء کو استعمال کرنا پڑ رہاہے اسی لئے اس پالیسی میں اس پرسخت کاروائی کی گنجائش رکھی جانے کا امکان ہے۔
