تلنگانہ و آندھرا پردیش ریاستوں میں عوام کے رجحان میں تبدیلی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد کے علاوہ دونوں تلگو ریاستوں میں آن لائن خریداری کا رجحان بڑھ گیا ہے ۔ لاک ڈاؤن میں آن لائن خریداری مجبوری کے تحت کی جاتی تھی لیکن اب آن لائن خریداری عادت بن گئی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ہر دن 2 لاکھ سے زائد آن لائن آڈرس کی بکنگ ریکارڈ کی جاتی ہے جب کہ دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ و آندھرا پردیش میں ہر دن 5 تا 7 لاکھ بکنگ ہورہے ہیں ۔ لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن پر انحصار کرنے والی عوام کا رجحان اب ریٹل اور سوپر مارکٹوں سے ہٹ گیا ہے ۔ گلی کوچوں کی دوکانیں بڑی مارکٹ اور بڑے بڑے بازار اور شاپنگ مالس میں تہواروں کے وقت بھی بھیڑ و رونق دیکھائی نہیں دیتی ۔ کسی تہوار کے موقع پر خریداری کے لیے افراد خاندان مل کر شاپنگ کیا کرتے تھے ۔ اب ای کامرس آن لائن کے اسی رجحان سے یہ روایت بھی ختم ہوتی جارہی ہے ۔ خاندان کا ہر فرد اپنی مرضی سے گھر بیٹھے شاپنگ کررہا ہے یہاں تک شادیوں کی شاپنگ بھی آن لائن ہورہی ہے ۔ شہریوں کے اس رجحان پر ای کامرس ادارے پیشکش اور سوغاتوں کی ڈھیر لگا رہے ہیں ۔ لاک ڈاؤن کے وقت ہر دن ایک تا دیڑھ لاکھ آرڈر بکنگ کرنے والی کمپنیاں اب 2 لاکھ سے زائد آرڈر بک کررہی ہیں ۔ تہواروں کے موقع پر یہ آرڈر مزید زیادہ ریکارڈ کیے جارہے ہیں ۔ گھریلو ساز و سامان ، روزمرہ کی اشیاء ضروریہ سے لے کر شادی برات کی شاپنگ الیکٹرانکس اشیاء کی خریداری بچوں بڑوں اور خاندان کے ہر فرد کی ضروریات کی تکمیل آن لائن کی خریداری پر منحصر ہوگئی ہے ۔۔ ع