حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) آن لائن کے ذریعہ دھوکہ دہی کے معاملات مسلسل پیش آرہے ہیں۔ ورنگل سائبر کرائمس نے ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کالورام 33 سالہ ساکن راجستھان جو عوام کو آن لائن رقم جمع کرواتے ہوئے انھیں ماہانہ رقم کی ادائیگی کا تیقن دیتے ہوئے رقم حاصل کررہا تھا۔ ہنوما کنڈہ کے ایک ڈاکٹر کی شکایت پر سائبر کرائمس اے سی پی وجئے کمار نے کارروائی کرتے ہوئے کالورام کو راجستھان سے گرفتار کرکے ورنگل کمشنر آفس میں پیش کیا۔ ڈاکٹر جنھوں نے شکایت کی تھی، بتایا کہ آن لائن رقم جمع کرنے پر زیادہ رقم دلانے کا جھانسہ دیتے ہوئے ان کے پاس سے 21 لاکھ روپئے جمع کروائے جس کے بعد کالورام غائب ہی ہوگیا تھا۔ سائبر کرائمس اے سی پی وجئے کمار نے بتایا کہ کالورام کے خلاف تلنگانہ میں دو اور ملک کے مختلف ریاستوں میں 12 مقدمات درج ہیں۔ (ش)