آن لائن پوکر گیم کھیلنے پر پانچ افراد گرفتار

   

ٹاسک فورس پولیس کا آدتیہ ٹورس اینڈ ٹراویلس پر دھاوا
حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس سنٹرل زون ٹیم نے آن لائن پوکر گیم (جوا) کھیلنے کے الزام میں پانچ افراد بشمول ایک آرگنائزر کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس پی رادھا کرشن راؤ نے کہا کہ ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے بہادر پورہ کے ساکن نوشاد علی جو آرگنائزر ہے، اپنے ساتھیوں گوپال کابرا ، ندیم سرسانی، بھرت چودھری اور راجکمار بھنڈاری کے ساتھ آن لائن جوا ’’میاڈ اوور پوکر‘‘ کھیل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس آن لائن قمار بازی کے لئے کم از کم 6 جواری ہونا ضروری ہے اور اسے آن لائن موبائیل ایپ کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے یہ ریاکٹ چلایا جارہا تھا۔ ڈی سی پی نے کہا کہ نوشاد علی اور گوپال کابرا نے میاڈ اوور پوکر گیم کا کلب قائم کیا اور شہر کے مختلف جواریوں کو اس کھیل میں شامل ہونے کیلئے راغب کیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نےآدتیہ ٹورس اینڈ ٹراویلس پر دھاوا کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 40 لاکھ 22 ہزار روپئے نقد رقم اور 8 موبائیل فونس ضبط کرلئے۔