آن لائن کرکٹ پر سٹہ کا ریاکٹ بے نقاب

   

دو افراد گرفتار، اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر کی کارروائی
حیدرآباد /7 ستمبر ( سیاست نیوز ) آن لائن کرکٹ سٹہ کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر نے 2 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ایس او ٹی ایل بی نگر اور سرور نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھگت سنگھ نگر علاقہ میں کارروائی انجام دی اور ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنمنٹ پر سٹہ چلانے والی ٹولی کو بے نقاب کیا ۔ دو افراد مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے 31 سالہ ٹی اشوک ساکن سرور نگر متوطن پرکاشم اور 36 سالہ ایم کشور ساکن کتہ پیٹ کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار افراد سابق میں ونستھلی پورم کے پولیس کی جانب سے کرکٹ سٹہ پر گرفتار کئے گئے تھے ۔ مفرور افراد میں قادر ساکن سکندرآباد اور با سبا راؤ کو پولیس تلاش کر رہی ہے ۔ آن لائن بٹنگ کے ذریعہ سٹہ چلایا جارہا تھا اور سٹہ میں شامل ہونے والے افراد کو باضابطہ طور پر یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ دئے جاتے تھے ۔ میاچ کے نتیجہ میں پر اسکرین شارٹ روانہ کرتے ہوئے رقمی لین دین بذریعہ آن لائن ہی جاری تھی ۔ خفیہ اطلاع پر ایس او ٹی پولیس نے سرور نگر پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی انجام دی ۔ پولیس نے اس کارروائی میں گرفتار افراد کے قبضہ سے ایک لاکھ 90 ہزار روپئے نقد رقم، ایک کار 5 موبائل فون اور بنک کھاتے میں موجود 9 لاکھ 64 ہزار 476 روپئے رقم کو منجمد کردیا اور مفرور افراد کی تلاش جاری ہے ۔ ع