آن لائن کھانوں سے صحت کے علاوہ خاندانی محبتیں شدید متاثر

   

گھروں میں اپنوں کے لیے من پسند کھانے بنانے کی حیدرآبادی روایت مٹنے لگی
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سویگی کی جانب سے آن لائن آرڈر کرنے کے بعد حاصل ہونے والی باسی اور متاثرہ بریانی سے صحت خراب ہونے کے معاملے کے بعد حیدرآبادی عوام اور خاص کر گھر کے بزرگوں میں بے چینی اور نئی نسل کو کوسنے کا موقع ہاتھ آگیا ہے کیوں کہ حیدرآبادی مسلم معاشرے میں پہلے ہی ہوٹل میں جاکر کھانا یا باہر کا کھانا لاکر گھر میں کھانے کو معیوب تصور کیا جاتا ہے اور اب سویگی کی جانب سے ہوٹل زپی کی تیار کردہ بریانی کے ناقص ہونے اور کھانے کے بعد افراد خاندان کے متاثر ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے اس پر 10 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ ایم رویندر گوڑ نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کے لیے بریانی آرڈر کی تھی لیکن جب بیٹی نے بریانی کھانا شروع کیا تو اس کا مزہ عجیب محسوس ہونے لگا اور ہم نے جان لیا کہ بریانی باسی ہے جس کے بعد ہم نے مقامی پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ ریسٹورنٹ تک رسائی حاصل کرنے کے بعد دیکھاگیا کہ فریج میں بریانی اور دیگر اشیاء کے کئی ڈبے پڑے ہیں جو کہ گاہکوں کے آرڈر کرنے پر انہیں فراہم کرنے کے لیے رکھے گئے ہیں ۔ سویگی جو کہ پہلے ہی کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرنے کے علاوہ رواں ہفتے گھریلو اشیاء ، ترکاری اور دیگر ساز و سامان بھی آن لائن آرڈر پر فراہم کرنے کا اعلان کرچکا ہے لیکن گھروں کے بزرگ لوگ اس طرح آن لائن آرڈر کے ذریعہ کھانے گھر میں لانے کی مخالفت کررہے ہیں کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ اس سے خاندانی محبت مزید ختم ہونے کے علاوہ صحت بخش غذا کی ضمانت نہیں دی جاسکتی ۔