آن لائن گفٹ دھوکہ دہی معاملہ

   

ورنگل کا متوطن شخص گرفتار ، سائبر کرائم ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /30 جنوری (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن کی سائبر کرائم ٹیم نے آن لائین گفٹ دھوکہ دہی میں ملوث ایک دھوکے باز کو گرفتار کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے کہا کہ خیریت آباد کے ساکن ایک درخواست گزار نے ایک شکایت درج کروائی تھی جس میں بتایا کہ اس کے باپ کے نام 19 لاکھ روپئے انشورنس کی رقم درکار ہے اور اسے حاصل کرنے کیلئے 3 لاکھ 20 ہزار روپئے ٹیکس کی ادائیگی ضروری ہے اور نہ کرنے پر انشورنس کی رقم کو منسوخ کیا جاسکتا ہے ۔ دھوکہ باز کی باتوں میں آکر درخواست گزار نے نامعلوم شخص کو 3 لاکھ 20 ہزار روپئے آن لائین منی ٹرانسفر کے ذریعہ بینک کھاتے میں منتقل کئے لیکن وہ آن لائین گفٹ فراہم کرنے یا کسی بھی قسم کے انعام دینے سے قاصر رہا اور اچانک غائب ہوگیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ باز 34 سالہ بی مدھو متوطن ودیا نگر ضلع ورنگل کو گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2015 ء میں مدھو نے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں زیڈ پی ٹی سی ارکان کو یہ یقین دلایا تھا کہ این ڈی اے حکومت میں زیڈ پی ٹی سی ارکان کیلئے ایس سی ، ایس ٹی کی بہبود کیلئے 5 لاکھ روپئے ان کیلئے جاری کئے ہیں ۔ کئی زیڈ پی ٹی سی ارکان اس کے چنگل میں آگئے تھے ۔ سابق میں کئی مرتبہ بی مدھو کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ اور اس معاملے میں بھی سائبر کرائم پولیس نے دھوکہ باز مدھو کو گرفتار کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔