شمس آباد : 7 اکٹوبر ( سیاست نیوز) شمس آباد کے علاقہ گھانسی میاں گوڑہ میں آوارہ کتو ں کے حملہ میں چار سالہ اکشیتا نامی لڑکی شدید زخمی ہوگئی ۔ چار سالہ لڑکی گھر کے سامنے کھیل رہی تھی کہ اچانک آوارہ کتوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں لڑکی کے جسم پر گہرے زخم آئے ۔ لڑکی کی چیخ و پکار کے بعد مقامی افراد نے کتو ں کو بھگادیا ۔ مقامی افراد نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ آوارہ کتوں کی وجہ سے عوام پریشان ہوگئے ہیں ، کبھی بھی یہ کتے آنے جانے والوں پر حملہ کردیتے ہیں ۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے آوارہ کتوں کو پکڑ کر دور جنگلاتی علاقوں میں چھوڑ دیں ۔ شمس آباد میونسپل میں آوارہ کتوں کے حملوں کے واقعات میں کئی لوگ زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد کتے پکڑنے والی گاڑی کو طلب کیا گیا تھا ۔