آوٹر رنگ روڈ پر سڑک حادثہ دو خواتین سمیت3 ہلاک

   

حیدرآباد۔ شاہ میر پیٹ آؤٹر رنگ روڈ علاقہ میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں تیز رفتار کار نے کھڑے ہوئے کنٹینر کو ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں 3 افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے بموجب گجویل سے شاہ میر پیٹ آؤٹر رنگ روڈ سے کروناکر اور اس کے ساتھ موجود دو خواتین سرلا اور سندھیا اس وقت برسر موقع ہلاک ہوگئے جب کروناکر نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے کنٹینر کو ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ کروناکر حالت نشہ میں تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ پولیس شاہ میر پیٹ نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے حادثہ کا شکار کار کو بذریعہ کرین وہاں سے ہٹایا اور اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مہلوکین کی نعشوں کو سرکاری ہاسپٹل بغرض پوسٹ مارٹم منتقل کیا گیا ہے۔