وشاکھاپٹنم 9 فروری ( سیاست نیوز ) وشاکھاپٹنم میں ایک شخص کو اپنی بیوی کی نعش کندھے پر اٹھاکر کئی کلو میٹر پیدل چلنا پڑا۔ خاتون کی چہارشنبہ کو ہاسپٹل سے واپسی میں آٹو رکشا میں موت ہوگئی تھی۔ اس کے بعد آٹو ڈرائیور نے نعش گھر لے جانے سے انکار کردیا۔ اطلاع پر پولیس عہدیداروں نے ایمبولینس کا بندوبست کیا۔ دراصل اوڈیشہ کوراپٹ کے ساکن 35 سالہ سمولو پانگی کی بیوی بیمار تھیں۔ سمولو نے بیوی کو وشاکھاپٹنم کے ہاسپٹل میں داخل کرایا۔ کچھ دنوں تک علاج کے بعد جب فائدہ نہیں ہوا تو ڈاکٹروں نے انہیں گھر لے جانے کا مشورہ دیا۔ سمولو نے بیوی کو گھر لے جانے آٹو رکشا بک کیا تھا۔ لیکن اس کی بیوی راستے میں ہی دم توڑ گئی۔موت کے بعد آٹو رکشا ڈرائیور نے نعش لینے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد سمولو اپنی بیوی کی نعش کو کندھے پر ڈال کر پیدل گاؤں کی طرف چل پڑا۔ وہ اپنی بیوی کی نعش کو کندھے پر اٹھائے کافی دور تک چلتا رہا۔ پھر کسی نے سمولوکو نعش اٹھائے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے ایمبولینس کا بندوبست کیا۔