10 بڑی کمپنیوں میں چین کی دو کمپنیاں شامل، قیمتی گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) عالمی سطح پر آٹو موبائیل شعبہ میں ٹیسلا (Tesla) کو دیگر کمپنیوں پر سبقت حاصل ہے۔ کمپنی کی عالمی منڈی میں کل مالیت 1.486 ٹریلین ڈالر درج کی گئی ہے۔ دیگر کمپنیوں کے مقابلہ ٹیسلا نے اپنی بہتر کارکردگی کے ذریعہ کسٹمرس کا دل جیت لیا۔ دنیا کی نامور 10 آٹو موبائیل کمپنیوں کی مارکٹ کیاپٹلائیزیشن کی تفصیلات جاری کی گئیں۔ اس فہرست میں زیادہ تر بیرونی کمپنیاں شامل ہیں جو آٹو موبائیل مارکٹ پر اپنا تسلط قائم کئے ہوئے ہیں۔ ٹوئیٹا نے 236.68 بلین ڈالر کی مجموعی مالیت کے اعتبار سے عالمی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ مذکورہ دونوں کمپنیاں عالمی سطح پر آٹو موبائیل انڈسٹری پر عملاً قابض ہیں۔ اگرچہ اس فہرست میں دیگر کمپنیاں بھی شامل ہیں لیکن مارکٹ میں ان کی موجودگی کافی کم ہے۔ BYD کمپنی کا مارکٹ کیاپٹلائیزیشن 119.26 بلین ڈالر درج کیا گیا ہے ۔ Xiaomi کی عالمی مارکٹ میں موجودگی 91.35 بلین ڈالر درج کی گئی۔ جنرل موٹرس ، ہونڈائی ، فراری ، فورڈ ، مرسڈیز بینز اور پورچی آٹو موبائیل کمپنیوں نے بھی عالمی مارکٹ میں اپنی بہتر کارکردگی اور موجو دگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ چین سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کو اس فہرست میں تیسرا اور چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق مارکٹ میں وقفہ وقفہ سے بہتر سہولتوں کے ساتھ گاڑیوں کی پیشکشی نے اس شعبہ میں مسابقت کو تیز کردیا ہے۔ 4 وہیلرس کی تجارت کے معاملہ میں ہندوستان بھی بڑی کمپنیوں کیلئے ایک پسندیدہ مارکٹ بن چکا ہے اور قیمتی گاڑیوں کی خریدی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔1/k/m/b