آپریشن کی زچگی میں تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست

   

روزانہ ہر گھنٹہ 28 اور ایک دن میں 689 آپریشنس ، خانگی ہاسپٹلس میں زیادہ واقعات
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سیزرین ( آپریشن ) ڈیلوریز میں ریاست تلنگانہ سرفہرست مقام پر ہے ۔ اوسطاً ایک گھنٹہ میں 28 سرجیکل ڈیلوریز ہورہی ہیں ۔ سرکاری ہاسپٹل کے بہ نسبت خانگی ہاسپٹلس میں آپریشن ڈیلوریز کا تناسب زیادہ ہے ۔ محکمہ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں 57 فیصد ڈیلوریز سیزرین سے ہورہی ہیں ۔ عالمی سطح پر آپریشن ڈیلوریز کا تناسب 21 فیصد ہے ۔ جب کہ ہندوستان میں اس کا تناسب 22 فیصد ہے ۔ ڈبلیو ایچ او نے 2030 تک عالمی سطح پر سیزرین پیدائش کا تناسب 28.5 فیصد ہونے کا اندازہ لگایا ہے لیکن ریاست میں فی الحال اس سے دو گنا سطح پر سیزرین پیدائش ہورہی ہیں جو تشویش کا باعث ہے ۔ سرجیکل ڈیلوریز میں ریاست تلنگانہ 57 فیصد تناسب کے ساتھ ملک بھر میں سرفہرست ہے ۔ پڑوسی ریاستوں آندھرا پردیش میں 40.1 فیصد ، مہاراشٹرا میں 20.1 فیصد ، کرناٹک میں 23.6 فیصد سیزرین ڈیلوریز ہورہی ہیں ۔ جبکہ تلنگانہ میں گذشتہ سال اگست میں سرکاری ہاسپٹلس میں 47.24 فیصد سیزرین ہوئی جو فی الحال گھٹ کر 45.92 فیصد تک پہونچ گئی جب کہ خانگی ہاسپٹلس میں گذشتہ سال 80.98 فیصد سیزرین ڈیلوریز ہوئی جو جاریہ سال گھٹ کر 78.86 فیصد تک پہونچ گئی ۔ مجموعی طور پر ریاست میں ایک سال کے دوران 2 فیصد آپریشن ڈیلوریز کا تناسب گھٹا ہے ۔ گذشتہ سال اگست میں سرکاری ہاسپٹل میں نارمل ڈیلوریز کا تناسب 54.7 فیصد تھا جو اب بڑھ کر 66.8 فیصد تک پہونچ گیا ہے ۔ اسی مدت کے دوران خانگی ہاسپٹلس میں نارمل ڈیلوریز کا تناسب 45.3 فیصد سے گھٹ کر 33.2 پہونچا ہے ۔ ریاست بھر میں ماہ جولائی کے دوران سرکاری و خانگی ہاسپٹلس میں جملہ 36.380 ڈیلوریز ہوئی جن میں 20,685 سیزرین ڈیلوریز ہیں یعنی 57 فیصد آپریشن کے ڈیلوریز ہیں اور اس حساب سے اوسطا فی گھنٹہ 28 آپریشن کی ڈیلوریز ہوئی ہیں روزانہ 689 سیزرین ڈیلوریز ہونے کا محکمہ صحت کے اعداد و شمار سے انکشاف ہوتا ہے ۔ ضلع کریم نگر سیزرین ڈیلوریز میں سرفہرست ہے ۔ جہاں پر 85 فیصد ڈیلوریز آپریشن سے ہورہی ہیں ۔ خانگی ہاسپٹلس پر عوام کو ڈرا دھمکا کر لوٹ لینے کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ کے سی آر کٹس اسکیم کو متعارف کرانے کے بعد سرکاری ہاسپٹلس میں ڈیلوریز کا تناسب بڑا ہے اور سیزرین کا تناسب گھٹا ہے ۔ یہ بھی اطلاعات منظر عام پر آرہی ہیں کئی جوڑے اچھے دن اور وقت کے لحاظ سے خانگی ہاسپٹلس میں سیزرین کرارہے ہیں ۔ چند خواتین درد برداشت نہ کرنے کے ڈر سے سیزرین کرانے کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کررہے ہیں ۔ سرکاری ہارپٹلس میں اس طرح کی ڈیلوریز نہیں کی جاتی اس لیے خانگی ہاسپٹلس کا رخ کررہے ہیں ۔ نارمل ڈیلوری کے لیے 20 ہزار روپئے کے اخراجات ہوتے ہیں جب کہ سیزرین کے لیے 40 تا 50 ہزار روپئے وصول کئے جارہے ہیں ۔۔ ن