آپ جو چاہتے ہیں وہ ہوگا : راج ناتھ

   

مودی کی قیادت میں ممکن ۔ وزیر دفاع کا عوام کو تیقن
نئی دہلی: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے پر بھارت کی جانب سے سخت ردعمل کا عوام کو یقین دلایا اور کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں وہ ہوگا جو لوگ چاہیں گے۔راجناتھ نے کہا کہ ’آپ سبھی وزیر اعظم مودی کے کام کی لگن اور استقامت کو جانتے ہیں‘ آپ ان کی کارکردگی اور عزم سے واقف ہیں۔ آپ واقف ہیں کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کس طرح خطرہ مول لینا سیکھا ہے۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مودی کی قیادت میں ‘جیسا آپ چاہتے ہیں ویسا ہوکر رہے گا۔‘نئی دہلی میں سنسکراتی جاگرن مہوتسو کے موقع پر وزیر دفاع کا بیان پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد دہشت گردوں کو مناسب جواب دینے بھارت کے عزم کی طرف اشارہ تھا۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیر دفاع کے طور پر، یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیکورٹی کو یقینی بنائیں اور ان لوگوں کو، جو ہمارے ملک پر حملہ کرنے کی ہمت کرتے ہیں مناسب جواب دیں۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بطور وزیر دفاع، یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنے فوجیوں کے ساتھ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بناؤں۔ یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں ان لوگوں کو منہ توڑ جواب دوں جو ہمارے ملک پر حملہ کی جرات کرتے ہیں۔22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے میں 26 لوگ مارے گئے تھے۔ دہشت گرد حملے کے بعد مرکز نے پاکستان کے خلاف کئی سفارتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

راج ناتھ سنگھ کی آج جاپان کے وزیر دفاع کے ساتھ بات چیت
نئی دہلی : وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پیر کو یہاں جاپان کے وزیر دفاع جنرل نکاتانی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کریں گے ۔ دونوں فریق موجودہ علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ہندوستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستی ہے ، جس نے 2014 میں اس تعاون کو خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری تک پہنچانے کے بعد قابل قدر رفتار حاصل کی ۔ دفاع اور سلامتی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے اہم ستون ہیں۔حالیہ برسوں میں اسٹریٹجک معاملات پر بڑھتے ہوئے تال میل کی وجہ سے ہندوستان اور جاپان کے درمیان دفاعی تبادلے مضبوط ہوئے ہیں۔ ہند-بحرالکاہل خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے مسائل پر مشترکہ نقطہ نظر کی وجہ سے اس کی اہمیت بڑھ رہی ہے ۔