’’ آپ کو شٹ ڈاؤن پر تفریح کی کیا ضرورت ؟‘‘

,

   

: اینٹ کا جواب پتھر سے :
صدر ٹرمپ کا ریمارک، نینسی پیلوسی کو مکتوب اور دورہ کی منسوخی کا حکم

واشنگٹن ۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کو بروسلز اور جنگ زدہ افغانستان میں تفریح کرنے ایک فوجی طیارہ کی سہولت دینے سے انکار کردیا جسے نینسی پیلوسی کیلئے ’’جیسی کرنی ویسی بھرنی‘‘ کہا جارہا ہے کیونکہ موصوفہ نے گذشتہ ہفتہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کیلئے ٹرمپ کے خطیر رقمی مطالبہ کو مسترد کردیا ہے اور اب ٹرمپ نے اینٹ کا جواب پتھر سے (جیسا کہ ان کی عادت ہے) دیتے ہوئے نینسی پیلوسی کے دورہ کو منسوخ کردیا ہے۔ اس طرح اب وفاقی حکومت کے طویل ترین شٹ ڈاؤن کے ساتھ دونوں قائدین کے درمیان دوریوں میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ صرف میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا ہی معاملہ نہیں بلکہ 78 سالہ پیلوسی نے صدر ٹرمپ کی سلامتی کیلئے انہیں ایک مشورہ دیا تھا کہ وہ (ٹرمپ) 29 جنوری کو اپنے سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کی تاریخ میں کچھ تبدیلی کرلیں کیونکہ ملک میں جاری شٹ ڈاؤن کے 27 ویں روز میں داخل ہونے پر پیلوسی کو سیکوریٹی سے متعلق تشویش پیدا ہوئی ہے۔ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کو اکثریت حاصل ہے جس سے وہ بھرپور استفادہ کررہے ہیں اور یہی وجہ ہیکہ ٹرمپ کے 5.7 بلین ڈالرس کے مطالبہ کو ڈیموکریٹس نے مسترد کردیا تھا جبکہ ٹرمپ نے اسے اپنا انتخابی وعدہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کو بار بار دہرایا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ٹرمپ نے پیلوسی کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے کہا کہ شٹ ڈاؤن کی وجہ سے انہیں اس بات کا بیحد افسوس ہیکہ آپ کا (پیلوسی) دورۂ مصر، افغانستان اور بروسلز ملتوی کیا جارہا ہے۔ ہم اپ کی اس سات روزہ ’’پکنک‘‘ کے پروگرام کو شٹ ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد دوبارہ طے کریں گے۔ ٹرمپ کے اس مکتوب کی ایک نقل میڈیا کو بھی اس وقت جاری کی گئی جب پیلوسی اور ان کے ساتھ سفر کرنے والے وفد کے ارکان نے اپنی روانگی کی تیاریاں مکمل کرلی تھیں۔ انہوں نے پیلوسی کو مشورہ دیا کہ موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہیکہ موصوفہ واشنگٹن میں ہی رہ کر ان سے (ٹرمپ) شٹ ڈاؤن کے خاتمہ کے بارے میں اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے ان کے (ٹرمپ) مطالبہ کی تائید کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیلوسی کے ’’تعلقات عامہ ایونٹ‘‘ کو ملتوی کرنا بالکل مناسب قدم ہے حالانکہ وائیٹ ہاؤس نے جمعرات کے روز یہ اعلان کیا تھا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے امریکہ سے کوئی وفد نہیں بھیجا جائے گا جو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاؤس میں مقرر ہے جس کی وجہ امریکی شٹ ڈاؤن بتائی گئی تھی تاہم اب یہ معلوم ہوا ہیکہ ڈاؤس میں امریکہ کی نمائندگی وزیرخزانہ کریں گے۔