بلقیس بانو کیس کے مجرمین کی رہائی ، راہول کا مودی پر طنز
نئی دہلی : قوم دیکھ رہی ہے کہ آپ کیا کہتے ہیں اور آپ کیا کرتے ہیں، وزیراعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے راہول گاندھی نے یہ ٹوئٹ کیا۔ کانگریس لیڈر نے ایک بار پھر وزیراعظم نریندر مودی پر اپنی برہمی کا اظہار کیا۔ بلقیس بانو کے عصمت ریزی مقدمہ میں سزا پانے والے مجرمین کی جیل سے رہائی کی انہوں نے شدید مخالفت کی۔ گجرات حکومت نے معافی کی پالیسی کے تحت گودھرا سب جیل سے بلقیس بانو عصمت دری کیس کے درندہ صفت مجرمین کو 15 اگست کے روز رہا کردیا جس پر راہول گاندھی نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کہتے کچھ ہیں اور ان کا عمل دوسرا ہوتا ہے، یہ پورا ملک دیکھ رہا ہے۔راہول گاندھی نے ہندی میں ٹوئٹ کیاکہ پانچ ماہ کی حاملہ خاتون کی عصمت دری کرنے اور اس کی تین سالہ بیٹی کو قتل کرنے والوں کو آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر رہا کردیا گیا۔ خواتین کی طاقت کی بات کرنے والے مودی نے ملک کی خواتین کو کیا پیغام دیا ہے؟ وزیر اعظم، پورا ملک آپ کے قول و فعل میں تضاد کو دیکھ رہا ہے‘۔ بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت ریزی کیس میں عدالت نے 11 درندہ صفت مجرمین کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، جنہیں گجرات کی بی جے پی حکومت نے یوم آزادی کے دن رہا کردیا۔