آکسیجن سلینڈر کی بلیک مارکیٹنگ پر دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔ آکسیجن سلینڈر کی بلیک مارکٹنگ کرتے ہوئے زائد قیمتوں پر فروخت کرنے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون کی ٹیم کے انسپکٹر عبدالجاوید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 31 سالہ روی کانت اور 50 سالہ چندرا کانت ساکنان پرانا پل کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر کی ہدایت پر شہریوں کو مشکلات کے پیش نظر ٹاسک فورس ان دنوں سرگرم ہے۔ اس دوران سنٹرل زون ٹاسک فورس نے یونائٹیڈ گیاس ایجنسی ملے پلی بازار گھاٹ پر دھاوا کیا جہاں دو ملزمین غیر مجاز طور پر آکسیجن سلینڈر کی بلیک مارکیٹنگ کررہے تھے۔ پولیس نے کارروائی کے دورن 14 بڑے سلینڈر فی کس 40لیٹر اور 16 چھوٹے سلینڈر فی کس 10 لیٹر کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ روی کانت یونائٹیڈ نام سے بازارگھاٹ پر گیاس ایجنسی چلار ہا ہے اور وہ موجودہ حالات کے پیش نظر گیاس کی بلیک مارکیٹنگ کرتے ہوئے سلینڈرس کو زائد قیمتوں میں فروخت کررہا تھا۔