عمارت کے احاطہ میںباغ زیرآب ‘گنبد کو نقصان پہنچنے کی تردید
آگرہ: اتر پردیش کے کئی علاقوں بشمول آگرہ میںگزشتہ 3 دن سے جاری موسلابارش کے باعث تاج محل کے درمیانی گنبد سے پانی ٹپکنے لگا ہے۔ تاج محل کے احاطہ میں واقع باغ زیرآب آگیا۔ سیاحوں کی توجہ اس جانب مرکوز ہوئی تاہم محکمہ آثارِ قدیمہ(اے ایس آئی) آگرہ سرکل کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ مرکزی گنبد میں پجر کی وجہ سے پانی پٹکنے لگا۔ تاج محل کے گنبد کو نقصان پہنچنے کی تردید سپرنٹنڈنگ چیف راج کمار پٹیل نے کی اور کہا کہ بڑے گنبد کی جانچ کی گئی ہے۔ گنبد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ یہ جانچ ایک ڈرون کیمرہ کے ذریعہ کی گئی اور ہم نے پایا ہے کہ گنبد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ مسلمہ سرکاری گائیڈ مونیکا شرما نے کہا کہ عمارت کا اچھی طرح خیال رکھنا چاہئے کیونکہ سیاحت کی صنعت سے جڑے لوگوں کی یہ واحد امید ہے۔آگرہ میں گزشتہ 3 دن سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ شہر کے بیشتر حصوں میں پانی جمع ہوگیا۔ ایک قومی شاہراہ بھی زیرآب آگئی۔ بارش کے پانی نے فصلوں اور شہر کی پاش کالونیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگرہ ضلع انتظامیہ نے تمام اسکول بند رکھنے کا حکم دیا۔