آگرہ میں مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے پر ہلچل

,

   

ہندو مہاسبھا کی دھمکی پر پولیس نے متعدد مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹوادئیے

آگرہ: /20 نومبر (ایجنسیز) اترپردیش کے شہر آگرہ میں جمعہ 20 نومبر کو مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کے معاملے پر ہلچل مچ گئی۔ آل انڈیا ہندو مہاسبھا کی ضلع صدر میرا راٹھور نے مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کے لیے انتظامیہ کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا۔ انہوں نے انتباہ دیا تھا کہ اگر پولیس نے مساجد سے لاؤڈ اسپیکر نہیں ہٹائے تو وہ اپنے کارکنوں کے ساتھ مسجد کے سامنے ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کریں گی اور خود لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی کارروائی کریں گی۔اسی سلسلے میں میرا راٹھور جمعہ کے روز اپنے کارکنوں کے ہمراہ تاج گنج تھانہ حدود کے ٹیلی پاڑہ، بسائی میں واقع بڑی مسجد جانے والی تھیں، تاہم ان کے روانہ ہونے سے قبل ہی پولیس نے انہیں تاج گنج میں واقع ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جاسکے۔دریں اثنا، پولیس انتظامیہ نے تاج گنج پولیس اسٹیشن کے حدود میں آنے والی متعدد مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹوا دیے۔ بتایا گیا کہ پولیس نے یہ کارروائی عدالتی ہدایات اور صوتی آلودگی سے متعلق ضوابط کے تحت کی۔ اس کارروائی کی اطلاع ملنے پر میرا راٹھور نے تاج گنج تھانے کے انچارج، پولیس کمشنر اور دیگر متعلقہ عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا۔میرا راٹھور نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا تھا کہ مساجد میں نصب لاؤڈ اسپیکروں کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پولیس نے کارروائی نہیں کی تو ہندو مہاسبھا کے کارکن خود لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کیلئے آگے آئیں گے۔ تاہم، ان کے مسجد پہنچنے سے قبل ہی پولیس کی جانب سے متعدد مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی کارروائی انجام دی گئی، جس پر انہوں نے پولیس حکام کی ستائش کی۔