ائمہ اور موذنین متعلقہ مسجد سے توثیق نامہ وقف بورڈ میں جمع کرائیں

   

اعزازیہ کی آن لائن اجرائی، اندرون 15 یوم بینک اکاؤنٹ اور آدھار کارڈ داخل کرنے محمد سلیم کی اپیل
حیدرآباد۔/8ڈسمبر، (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے ائمہ اور موذنین کو ماہانہ اعزازیہ کی بروقت اجرائی کیلئے بجٹ کی گرین چینل میں شمولیت کے بعد ائمہ اور موذنین سے اپنی تفصیلات جمع کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم نے بتایا کہ ائمہ اور موذنین کیلئے ہر سال متعلقہ مسجد میں کام کے بارے میں توثیق نامہ داخل کرنا لازمی ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ ائمہ اور موذنین مسجد میں خدمات سے علحدگی کے باوجود وقف بورڈ سے اعزازیہ حاصل کررہے ہیں اور کمیٹی کی جانب سے وقف بورڈ کو نئے امام اور موذن کی تفصیلات جمع نہیں کی گئیں۔ ائمہ اور موذنین کی خدمات سے متعلق مسجد کمیٹی یا متولی سے توثیق نامہ داخل کرنا ہوگا۔ مساجد کمیٹیوں اور متولیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ امام اور موذن کو توثیق نامہ جاری کرنے میں تاخیر نہ کریں کیونکہ اعزازیہ حکومت کی جانب سے دیا جارہا ہے۔ شہر سے تعلق رکھنے والے ائمہ اور موذنین راست طور پر حج ہاوز پہنچ کر توثیق نامہ داخل کریں جبکہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ائمہ اور موذنین کو چاہیئے کہ وہ متعلقہ ڈسٹرکٹ وقف انسپکٹر کے پاس تفصیلات جمع کریں۔ توثیق نامہ ہر سال داخل کرنا لازمی ہے اور اسی کے مطابق اعزازیہ جاری کیا جائے گا۔ مساجد کمیٹیوں سے درخواست کی گئی کہ امام اور موذن کی تبدیلی یا انتقال کی صورت میں فوری طور پر وقف بورڈ کو اطلاع دیں۔ امام اور موذنین جن کے اکاؤنٹس اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں نہیں ہیں وہ فوری اپنا اکاؤنٹ کھول لیں اور آدھار کارڈ کو بینک اکاؤنٹس سے مربوط کیا جائے تاکہ آن لائن اجرائی ممکن ہوسکے۔ اندرون 15 یوم تفصیلات داخل کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ر