ائمہ اور موذنین کا اعزازیہ گرین چینل سے جاری کرنے ہریش راؤ کا اتفاق

   

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی مساعی، 3 ماہ کے بقایا جات 14 کروڑ 19 لاکھ کی اجرائی

حیدرآباد۔/5ڈسمبر،( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ائمہ اور موذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی بروقت ادائیگی کے لئے وزیر فینانس ہریش راؤ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعزازیہ کے بجٹ کو گرین چینل میں شامل کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وزیر فینانس سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ائمہ اور موذنین کے اعزازیہ کی بروقت اجرائی میں دشواریوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے شادی مبارک اسکیم کی طرح اعزازیہ کے بجٹ کو گرین چینل سے جاری کرنے کی خواہش کی تاکہ ماہانہ پابندی سے اعزازیہ جاری کیا جاسکے۔ ہریش راؤ نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔ محمد سلیم نے کہا کہ حکومت گرانٹ اِن ایڈکے تحت اعزازیہ کیلئے جو بجٹ مختص کررہی ہے اس کی اجرائی میں تاخیر کے سبب ائمہ اور موذنین کو اعزازیہ کی رقم کیلئے انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ گرین چینل میں شمولیت سے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو اعزازیہ کی رقم راست طور پر ائمہ اور موذنین کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کردی جائے گی۔ وقف بورڈ کی جانب سے ہر ماہ ائمہ اور موذنین کی تفصیلات محکمہ فینانس کو فراہم کی جائیں گی جس کے تحت رقم کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ محمد سلیم نے وزیر فینانس ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ اعزازیہ کیلئے دو تین ماہ تک انتظار کی زحمت سے ائمہ اور موذنین بچ جائیں گے۔ اسی دوران محمد سلیم نے اعزازیہ کے تین ماہ کے بقایا جات کے طور پر 14 کروڑ 19 لاکھ 20 ہزار روپئے کی رقم جاری کردی ہے۔ ستمبر تک کے بقایا جات کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔9,900 استفادہ کنندگان میں 5357 امام اور 4543 موذنین شامل ہیں۔ ماہِ ستمبر میں حیدرآباد کے 1794 ائمہ اور موذنین کیلئے 89 لاکھ 70 ہزار روپئے جاری کئے گئے۔ ماہِ ستمبر میں 33 اضلاع کیلئے 4کروڑ 95 لاکھ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ ائمہ اور موذنین کی تعداد عادل آباد 132، نرمل 277 ، منچریال 107، کریم نگر 302 ، جگتیال 259 ، ورنگل ( اربن ) 252 ، ورنگل ( رورل ) 147 ، میدک 282 ، سنگاریڈی 756 ، سدی پیٹ 323، کھمم 284، نلگنڈہ 485 ، سوریا پیٹ 284، نظام آباد 731، کاماریڈی 295 ، محبوب نگر 445، ناگر کرنول 208 ، گدوال 272، رنگاریڈی 582، ملکاجگری 245 اور وقارآباد میں203 شامل ہیں۔ر