ابراہیم پٹنم میں 18 اگست کو دلت گرجنا کا مقام تبدیل

   

پولیس نے اجازت نہیں دی، اسمبلی حلقوں کے انچارجس کا اجلاس
حیدرآباد۔13 ۔اگست (سیاست نیوز) پولیس نے کانگریس پارٹی کو 18 اگست ابراہیم پٹنم میں دلت گریجن آتما گوروا دنڈورا کی اجازت سے انکار کردیا ہے ۔ سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی نے بتایا کہ پارٹی نے جلسہ عام کیلئے جس مقام کا تعین کیا تھا، پولیس نے اس کی اجازت سے انکار کردیا اور کسی اور مقام پر انعقاد کا مشورہ دیا ہے۔ رنگا ریڈی نے بتایا کہ ٹریفک میں خلل اور دیگر دشواریوں کا پولیس کی جانب سے حوالہ دیا گیا، لہذا کانگریس نے مقام تبدیل کرتے ہوئے آؤٹر رنگ روڈ کے کسی کھلے مقام پر جلسہ عام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 اگست کو تلنگانہ میں دلت اور گریجن طبقات کا دوسرا جلسہ عام ابراہیم پٹنم میں منعقد ہورہا ہے ۔ اسی دوران 119 اسمبلی حلقہ جات میں مقرر کردہ کوآرڈینیٹرس کا اجلاس گاندھی بھون میں منعقد ہوا ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون اور سابق ایم ایل سی راملو نائک نے کوآرڈینیٹر سے کہا کہ وہ کل سے اپنے الاٹ کردہ اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کریں اور دلت اور گریجن طبقات سے ملاقات کریں۔ پارٹی کی جانب سے ستمبر کے دوسرے ہفتہ تک ضلع واری سطح پر جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر رکن اسمبلی کی قیامگاہ کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے۔ اور ان سے دلتوں کی بھلائی کی اسکیم حاصل کرنے میں ناکامی پر استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حضور آباد کے الیکشن کو ملتوی کرنا چاہتی ہے ۔ ٹی آر ایس کو شکست کا خوف ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔