اب تلنگانہ ایمسیٹ کا نام تبدیل کردیا جائیگا

   

کونسل برائے اعلی تعلیم کی تجویز ۔ حکومت کی منظوری کا انتظار
حیدرآباد 15 جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ انجنیئرنگ ‘ اگریکلچر اینڈ میڈیکل کامن انٹرنس ٹیسٹ EAMCET کا نام تبدیل کردیا جائے گا۔ تلنگانہ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم سے ایمسیٹ کے نام کی تبدیلی کی تجاویز حکومت کو روانہ کردی گئی ہیں اور خواہش کی گئی کہ متبدلہ ناموں میں کسی ایک کو قطعیت دے کر اعلان کرے۔ سابق میں ایمسیٹ میں میڈیکل سیٹس کیلئے بھی انٹرنس ٹسٹ کے سبب اس میں میڈیکل کا مخفف M ہوا کرتا تھا لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے میڈیکل کی نشستوں پر داخلہ کیلئے قومی سطح پر انٹرنس منعقد کے فیصلہ کے بعد EAMCET میں M کا وجود بے معنی ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ اس امتحان کے ذریعہ بعض طبی کورسس میں داخلہ فراہم دیا جاتا ہے تو اس M کو ابھی تک برقرار رکھا گیا تھا لیکن اب تلنگانہ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے فیصلہ کے مطابق اس امتحان کا نام تبدیل کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تجاویز حکومت کو روانہ کردی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق حکومت ان تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کو واقف کروایا جائے گا جس کے بعد ایمسیٹ کا نام تبدیل کردیا جائیگا ۔عہدیدارو ںکے مطابق تجاویز میں TSEAPCET کے علاوہ TSEPACET نام کی سفارش شامل ہے جوکہ تلنگانہ اسٹیٹ انجنیئرنگ ‘ اگریکلچراینڈ فارمیسی کامن انٹرنس ٹسٹ کا مخفف ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق حکومت سے آئندہ ہفتہ اس پر فیصلہ کرکے تلنگانہ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کو واقف کروادیا جائیگا ۔اور اس کے بعد محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے اس سلسلہ میں سرکاری اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔3