اب تلنگانہ میں کورونا کو ہندو ۔ مسلم رنگ دینے کی کوشش ؟

,

   

حکومت کے بلیٹن میں صرف سعودی عرب کا نام شامل ‘ دیگر ممالک کے نام ندارد
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) کیا اب تلنگانہ میں کورونا وباء کو ہندو مسلم رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ؟ ۔ یہ سوال اس لئے پیدا ہو رہا ہے کیونکہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے جو بلیٹن کورونا متاثرین کی تازہ ترین تعداد بتانے کیلئے جاری کیا جا رہا ہے ان میں اب یہ واضح صراحت کی جانے لگی ہے کہ سعودی عرب سے واپس آنے والے کتنے افراد میں کورونا پازیٹیو کیس پائے جا رہے ہیں۔ پہلے حکومت کی جانب سے جو بلیٹن جاری کیا جاتا تھا ان میں صرف ضلع کی اساس پر متاثرین کی تعداد فراہم کی جاتی تھی ۔ بعد میں مائیگرنٹس کی تعداد کو الگ سے پیش کیا جانے لگا تھا اور اب اس میں ایک نیا اضافہ کیا گیا ہے ۔ یہ اضافہ سعودی عرب کے نام کا اندراج ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ اس میں یہ بھی درج کیا جا رہا ہے کہ دیگر ممالک سے آنے والے کتنے افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہاں ان ممالک کا نام نہیں دیا جا رہا ہے کہ کس ملک سے یہ لوگ آئے ہیں ۔ صرف دیگر ممالک کہا جا رہا ہے یا بیرونی ممالک کہا جا رہا ہے ۔ نام صرف سعودی عرب کا درج کیا جا رہا ہے اور یہ واضح کیا جا رہا ہے کہ سعودی عرب سے واپس ہونے والے کتنے لوگ کورونا سے متاثر قرار پا رہے ہیں۔ اگر حکومت دیگر ممالک کے نام ظاہر نہیں کر رہی ہے تو پھر صرف سعودی عرب کا نام ظاہر کرنے کی کیا وجہ ہے ؟ ۔ اسی لئے یہ سوال پیدا ہو رہا ہے کہ آیا مرکزی سطح کے بعد اب تلنگانہ میں بھی تو کورونا کو ہندو ۔ مسلم رنگ دینے کی کوشش نہیں کی جا رہی ہے ؟ ۔ مرکزی سطح پر پہلے تبلیغی جماعت کے اجتماع کو بہانہ بناتے ہوئے گودی میڈیا کی جانب سے اس کو ہندو مسلم رنگ دینے کی کوشش کی گئی تھی اور اب تلنگانہ میں صرف سعودی عرب کا اندراج کرکے ایسی کوشش شروع ہوئی ہے ۔