اب صرف 38 دن پانی کے میٹروں کی تنصیب کے لیے میعاد قریب آرہی ہے

   


l 31 مارچ سے قبل میٹر لگانے پر پانی مفت
l گریٹر حیدرِآباد میں 2 لاکھ بغیر کنکشن کے نل

حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد میں مفت پانی کی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کے لیے اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ مفت پانی کے لیے لازمی نل کے میٹر کی میعاد 31 مارچ مقرر کی گئی ہے اور اب صرف 38 دن ہی اس اسکیم سے استفادہ کے لیے باقی رہ گئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 31 مارچ سے قبل نل کا میٹر حاصل کرنے والوں کو اس اسکیم سے استفادہ فراہم کیا جائے گا ۔ جب کہ یہ شرط سلم علاقوں پر عائد نہیں ہوگی ۔ واٹر بورڈ کے عہدیداروں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنے نل کو میٹر نصب کروالیں چونکہ بغیر میٹر کے مفت پانی کی سربراہی والی اسکیم سے استفادہ حاصل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اس اسکیم کے تحت 20 ہزار لیٹر ماہانہ مفت پانی بھی حاصل نہیں ہوگا ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں تقریبا 10 لاکھ نل کے کنکشن کو مفت پانی کی سربراہی اسکیم سے فائدہ حاصل ہوگا ۔ جب کہ ایک اندازے کے مطابق واٹر بورڈ کے عہدیداروں کا ماننا ہے کہ گریٹر حیدرآباد حدود میں 2 لاکھ ایسے نل کے کنکشن ہیں جنہوں نے نل کا کوئی میٹر حاصل نہیں کیا ۔ چند مقامات پر نل کے میٹر کی تنصیب کے لیے شہری اپنا ردعمل ظاہر نہیں کررہے ہیں ۔ محکمہ واٹر بورڈ کے گراونڈ سطح کے ملازمین نے اس بات کی رپورٹ کو اعلیٰ عہدیداروں تک پہونچایا ہے ۔ واٹر بورڈ کے عہدیداروں نے ہدایت دی ہے کہ نل کے کنکشن کو آدھار سے منسلک کے لیے می سیوا سنٹر سے رجوع ہوں اور فوری آدھار اور نل کے کنکشن کو منسلک کروالیں اور اس کارروائی کے لیے بھی 31 مارچ آخری اور قطعی تاریخ مقرر ہے ۔۔
مفت پانی کی سربراہی رہنمایانہ خطوط
lسلم علاقوں کے استفادہ کنندگان نل کے کنکشن نمبر کو آدھار سے منسلک کروالیں ۔ انہیں نل کا میٹر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔
l سلم علاقوں کی عوام کو گھر پہونچ کر آدھار سے جوڑنے کا عمل پورا کیا جائے گا ۔
l استفادہ کنندہ کا نام ، آدھار ، نل کا کنکشن کے دستاویزات میں کسی بھی قسم کی خامی ہونے پر اس خامی کو دور و درست کرنے کی سہولت کو واٹر بورڈ کی ویب سائیٹ کے ذریعہ درست کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے ۔
lکسی بھی قسم کے شکوک و شبہات کے ازالہ کے لیے کال سنٹر 155313 پر رابطہ پیدا کرسکتے ہیں ۔
l نل کے میٹروں کی تنصیب کے لیے ہر ڈیویژن میں 2 میٹر ایجنسیوں کو مقرر کیا گیا ہے ۔ اس طرح 24 ایجنسیوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے ۔
l ایجنسی کے متعلق جانکاری کے لیے واٹر بورڈ کی ویب سائیٹ کے ذریعہ رہنمائی کے لیے hyderabadwater.gov.in ملاحظہ کرسکتے ہیں ۔
l گھریلو سارفین ( ڈومسٹک نل 15 ایم ایم سائز ) میٹر کی تنصیب کروانے پر جی ایس ٹی کے ساتھ 1498 ادا کرنے پڑتے ہیں ۔
l 20 ایم ایم جسامت نل کے میٹر کے لیے 2147 ادا کرنے پڑیں گے ۔
l یکم اپریل 2021 کے بعد پانی کا میٹر نصب کرواتے ہوئے آدھار کو جوڑنے پر مفت پانی کی سربراہی اسکیم سے مستفید ہوسکتے ہیں ۔ واٹر بورڈ کے عہدیداروں نے ان تفصیلات سے واقف کروایا ہے ۔۔