… اب طلاق کا جشن منایا جاتا ہے

   

ریاض : (کے این واصف) علحدگی یا طلاق کبھی فریقین کی زندگی میں ایک سیاہ باب شدید تکلیف دہ امر تصور کیا جاتا تھا لیکن کچھ عرصہ سے طلاق حاصل کرنے والے مرد و خواتین طلاق کا جشن منانے لگے ہیں۔ ایک تازہ ترین واقعہ میں سعودی عرب میں ایک خاتون نے طلاق کے بعد ایک منفرانداز میں جشن منایا اور اس جشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سیاہ عبایہ (برقعہ) پہنی خاتون نے اپنے سابق شوہر کے گھر کے سامنے آتش بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی خوشی کا اظہار سیٹیاں بجاتے ہوئے کیا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعہ سے متعلق لوگوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کسی نے طلاق پر جشن منانے پر تنقید کی تو کسی نے اس خاتون سے اظہارہمدردی بھی کی۔ کسی نے اس جشن کو پشیمانی کا ثبوت قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ طلاق حاصل کرنے کے مرحلہ میں اس خاتون کو بڑے کرب سے گزرنا بڑا ہوگا اور مصائب جھیلنے پڑے ہوں گے۔ لہٰذا وہ طلاق حاصل ہونے پر خاتون نے اس انداز میں اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سعودی محکمہ شماریات کے مطابق پچھلے سال کے اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب میں ہر پانچ منٹ میں ایک طلاق کا واقعہ پیش آیا۔ خاندانی رشتوں میں دراڑ پڑنا یا میاں بیوی کے درمیان علحدگی ہونے کی پیچھے کی حقیقت قوت برداشت میں کمی، رشتوں اور سماجی تانے بانے کو بنائے رکھنے کو اہمیت نہ دیئے جانے جیسے تلخ حقائق سامنے آئے ہیں۔