اب ڈرون کیمروں سے ہوگی نگرانی ‘ مقدمات بھی درج ہونگے

,

   

لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اب خیر نہیں

حیدرآباد۔3اپریل (سیاست نیوز) پرانے شہر اور دیگر علاقوں میں جہاں نوجوان کرفیو اور لاک ڈاؤن کی پابندی نہیں کر رہے ہیں ان میں پولیس کی جانب سے ڈرون کے ذریعہ نگرانی کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوںکے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہیکہ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں پولیس عہدیداروں نے نوٹ کیا ہے کہ نوجوان کرفیو کے وقت میں بھی گھروں کے باہر نظر آرہے ہیں اور لاک ڈاؤن کے دوران سڑکوں پر گشت کر رہے ہیں۔ اسی طرح حسن نگر‘ محمود نگر‘ راجندر نگر کے علاوہ کشن باغ اور بہادر پورہ میں نوجوانوں کی جانب سے خلاف ورزیوں کی کئی شکایات موصول ہورہی ہیں اور ان کو دور کرنے پولیس نے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرکے گلیوں پر نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اندرون دو یوم پولیس کی جانب سے ان علاقوں میں ڈرون کیمروں کا انتظام کرکے ان کے ذریعہ نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ اس طرح نوجوانوں کی نشاندہی کرکے انکے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ پولیس نے بتایا کہ کئی علاقوں میںپولیس کو چکمہ دیتے ہوئے تجارت جاری ہے اور کرفیو کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے جبکہ حکومت کے علاوہ ماہرین اور ذمہ داروں کی جانب سے بار بار یہ کہا جا رہاہے کہ اس لاک ڈاؤن کا مقصد شہریوں کی حفاظت ہے اور کرفیو کے نفاذ کا مقصد بھی کورونا وائرس کو وبائی مرض کی شکل اختیار کرنے سے روکنا ہے لیکن چند نوجوانوں کی جانب سے ان اصولوں کی خلاف ورزی کرکے نہ صرف خود کیلئے مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں بلکہ دیگر شہریوں اور اپنے افراد خاندان کیلئے مسائل کا باعث بن رہے ہیں۔ کورونا کے متعلق شعور بیداری کے باوجود شہریوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے واقعات میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ جن علاقوں میں خلاف ورزی کے واقعات پیش آرہے ہیں ان علاقوں پر مسلسل نگاہ رکھنے کے لئے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جائے اور جو لوگ خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں ان کے خلاف کاروائی کے لئے ثبوت اکٹھا کرتے ہوئے مقدمات درج کئے جائیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ پولیس نے اس سلسلہ میں عصری ٹکنالوجی اورخدمات کے حصول کیلئے ایک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اور اس کمپنی کی جانب سے عصری ڈرون کی فراہمی عمل میں لائی جائیگی جو کیمروں سے مزین ہون گے اور ان کی ریکارڈنگ کو محفوظ کرنے کے علاوہ لائیو دیکھا جاسکے گا۔