اب گھر میں گھس کر ماریں گے، وزیرِ اعظم کا دہشت گردوں کو دو ٹوک پیغام

,

   

بھوپال کے جنبوری میدان میں ’لوکماتا اہلیابائی خواتین بااختیاری مہا سمیلن‘ سے خطاب

بھوپال۔ 31؍مئی ( ایجنسیز )وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھوپال سے دہشت گردوں کو سخت پیغام دیا اور ہندوستان کی ناری شکتی (قوت نسواں) کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب گھر میں گھس کر ماریں گے اور جو دہشت گردوں کی مدد کرے گا اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی! مودی بھوپال کے جنبوری میدان میں ’لوکماتا اہلیابائی خواتین بااختیاری مہا سمیلن‘ سے خطاب کر رہے تھے۔وزیرِ اعظم نے آپریشن سندور کو ہندوستان کے دفاعی اقدامات کی نئی علامت قرار دیا اور کہا کہ یہ صرف فوجی کارروائی نہیں بلکہ ناری شکتی کا بدلہ اور تہذیب پر حملے کا منہ توڑ جواب تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندور ہماری روایت ہے، ناری شکتی کا پرچم ہے۔ آج یہی سندور دہشت گردوں کے خلاف شجاعت کی علامت بن گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن سندور میں ہندوستانی فوج نے سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا اور پاکستان جیسے ملک کو یہ اندازہ بھی نہ تھا کہ ہندوستان اتنی بڑی کارروائی کرے گا۔وزیرِ اعظم نے عورتوں کی طاقت اور کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان کے ہر بڑے اسپیس مشن میں خواتین سائنس دانوں کی نمایاں شرکت ہے۔ چندریان-3 مشن میں 100 سے زیادہ خواتین سائنس دان اور انجینئر شامل تھیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان کی بیٹیاں ہر میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس کانفرنس کی خاص بات یہ تھی کہ اس کا پورا انتظام خواتین کے ہاتھ میں تھا۔ سکیورٹی، اسٹیج، ہیلی پیڈ اور کارکیٹ سمیت تمام انتظامی ذمہ داریاں خواتین افسران اور اہلکاروں نے سنبھالیں۔ صرف اتنا ہی نہیں 15,000 خواتین نے سندوری رنگ کی ساڑیوں میں وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔وزیرِ اعظم کے استقبال کے لیے شہر بھر میں آپریشن سندور سے متعلق پوسٹرز لگائے گئے جب کہ ایونٹ کے آغاز میں مالوا کے روایتی گیتوں سے وزیرِ اعظم کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ موہن یادو بھی موجود تھے جنہوں نے کہا کہ یہ پورا دورہ مہارانی اہلیابائی کو خراج اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔مودی نے نمائش میں شامل مختلف اسٹالز کا دورہ بھی کیا اور خواتین سے بات چیت کی ان کی کوششوں کی تعریف کی اور انہیں ہندوستان کی ترقی کا اصل چہرہ قرار دیا۔

اندور میٹرو ٹرین کا مودی کے ہاتھوں ورچوئل افتتاح
بھوپال۔ 31 مئی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک روزہ دورے کے دوران آج مدھیہ پردیش کو اندور میٹرو سمیت کئی ترقیاتی کاموں کا تحفہ دیا۔ دارالحکومت بھوپال میں منعقدہ دیوی اہلیا بائی ہولکر مہیلا سشکتی کرن سمیلن میں میں شرکت کرتے ہوئے مسٹر مودی نے اندور میٹرو ریل سروس کا ورچوئلی افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ستنا اور دتیا ہوائی اڈوں کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے اہلیہ بائی ہولکر کی یاد میں ایک ڈاک ٹکٹ اور 300 روپے کا سکہ جاری کیا۔