ہردوار: اتراکھنڈ کے ہریدوار کے بہادر آباد علاقہ میں اتوار کو ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، جہاں راج پور گاؤں میں انتظامیہ نے ایک درگاہ پر بلڈوزر چلا دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ درگاہ محکمہ آبپاشی کی زمین پر غیر قانونی بنائی گئی تھی۔ایس ڈی ایم کی قیادت میں اس کارروائی میں درگاہ کو بلڈوزر سے منہدم کر دیا گیا۔ کارروائی کے بعد ضلع انتظامیہ نے واضح کیا کہ مستقبل میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا۔یہ اقدام تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ ہردوار انتظامیہ نے پہلے بھی گرام سبھا میں غیر قانونی تجاوزات کو جے سی بی مشینوں کی مدد سے ہٹانے کی کارروائیاں کی ہیں، اور یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔تجاوزات ہٹانے کی مہم کے نوڈل افسر منیش سنگھ نے کہا کہ درگاہ کی تعمیر کیلئے انتظامیہ سے اجازت نہیں لی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے کہ 2016 کے بعد کسی بھی مذہبی مقام کی نئی تعمیر یا تعمیر نو کیلئے ضلع مجسٹریٹ کی اجازت ضروری ہے۔قابل ذکر ہے کہ حکومت ریاست میں غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے مہم چلا رہی ہے، جس کا مقصد سرکاری املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔