اتراکھنڈ میں زلزلے کے جھٹکے ، کوئی نقصان نہیں

   

دہرادون: اتراکھنڈ کے اترکاشی کے پرولا تحصیل علاقے میں جمعہ کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ اس کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ہندستانی محکمہ موسمیات، نئی دہلی اور دہرادون سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق صبح 2 بج کر 12 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز 30.84 ڈگری شمالی عرض البلد اور 78.14 مشرقی طول بلد پر پرولا تحصیل کے گاؤں پانی گاؤں (بگورہ میدان) میں ریکارڈ کیا گیا، جو سطح سے 10 کلومیٹر نیچے ہے ۔اترکاشی کے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر کنٹرول سینٹر کے انچارج ڈی ایس پٹوال نے یو این آئی کو بتایا کہ زلزلے کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع کے تمام تحصیلداروں، تمام تھانوں، پولیس چوکیوں، ریونیو سب انسپکٹرز کو وائرلیس کے ذریعے زلزلے کی اطلاع دی گئی ہے ،کسی بھی جگہ سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔