اتراکھنڈ میں شیر کے حملے کا معاملہ لوک سبھا میں اٹھایا گیا

   

نئی دہلی : لوک سبھا میں جمعرات کو اتراکھنڈ کے مختلف حصوں میں جنگلی جانوروں بالخصوص شیروں کے حملوں کا مسئلہ اٹھایاگیا اور وزارت جنگلات سے اس سلسلے میں ٹھوس انتظامات کرنے کی اپیل کی گئی۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تیرتھ سنگھ راوت نے رول 377 کے تحت یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ریاست کے مختلف حصوں میں شہریوں پر شیروں کے حملے روزانہ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں اور ان واقعات میں کئی لوگ ہلاک اور زخمی ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا، ”ریاست میں انسانوں اور جانوروں کے تنازعہ میں 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں پر بھی شیروں کے حملے اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ گڑھوال کے پوڑی اور رودرپریاگ میں ماضی میں شیر کے حملے کے کئی واقعات ہو چکے ہیں۔مسٹر راوت نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پہاڑوں پر گھومنے والے شیروں کو پکڑ کر کہیں اور لے جایا جائے اور لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے وزارت جنگلات سے شیروں کو رکھنے کے لیے ٹھوس پالیسی بنانے کی اپیل کی ہے ۔