اتراکھنڈ میں لاگو ہوگا یونیفارم سول کوڈ، وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے کیا بڑا اعلان

   

اتراکھنڈ کے نئے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے حلف لینے کے ایک دن بعد جمعرات کو ایک بڑا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یونیفارم سول کوڈ پوری ریاست میں لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے جانکاری دی کہ ریاستی کابینہ نے اس فیصلہ پر اپنی رضامندی ظاہر کی ہے ۔ وزیرا علی نے بتایا کہ اب اس معاملہ پر بہت جلد ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی اور ریاست بھر میں یونیفارم سول کوڈ لاگو کیا جائے گا ۔ آپ کو بتادیں کہ ملک بھر میں اتراکھنڈ پہلی ایسی ریاست ہے جو یونیفارم سول کوڈ کو لاگو کرنے جارہی ہے ۔آپ کو بتادیں کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی دھماکہ دار جیت کے بعد پشکر سنگھ دھامی کو قانون ساز کونسل کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا ۔ وزیر اعلی دھامی نے بدھ کو اپنے عہدہ کا حلف لیا تھا اور وزیر اعلی بنتے ہی انہوں نے عوام سے کیا اپنا سب سے بڑا وعدہ پورا کیا ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں 70 سیٹوں پر جیت درج کی تھی ۔