اتراکھنڈ میں موسلادھار بارش سے عام زندگی متاثر، ندیوں کی سطح میں اضافہ

   

نینی تال ۔ اتراکھنڈ کے کماؤں ڈیوژن میں گزشتہ تین روز سے مسلسل ہورہی بارش سے معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے ۔ سرحدی ضلع پتھوراگڑھ میں ندیوں کی آبی سطح خطرے کے نشان سے اوپر آگئی ہے اورمختلف مقامات پر زمینی تودے گرنے سے تین قومی شاہراہ سمیت کل 73 سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔ پتھوراگڑھ میں موسلادھاربارش کے سبب سریو، کالی اورگوری ندیوں کی آبی سطح خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے ۔ انتظامیہ نے ندیوں کے کنارے رہنے والوں کو انتباہ جاری کیا ہے ۔ قومی شاہراہ-125 دہلی بینڈ پر تودہ گرنے کے سبب دوبارہ بندہوگئی ہے ۔ ضلع چمپاوت کے شاردابیراج میں آبی سطح خطرے کے نشان سے کافی اوپر ہے ۔ ضلع میں لوہا گھاٹ قومی شاہراہ سوالا۔دھون، سنیاڑی اورگھاٹ کے پاس مختلف مقامات میں ملبہ گرنے سے بند ہے اور ریاستی شاہراہ میں پتھر گرنے سے خطرہ برقرار ہے ۔ ضلع میں شدید بارش کے سبب کل 27 شاہراہیں بند ہوچکی ہیں۔ اسی طرح ضلع باگیشور میں شدید بارش سے معمولات زندگی متاثرہوئی ہے ۔ یہاں دوشاہراہوں سمیت کل 23 سڑکیں بند ہیں۔ نینی تال میں بھی مسلسل بارش ہونے سے لوگوں کومشکلات کا سامنا ہے ۔ گزشتہ تین دنوں سے یہاں لگاتاربارش ہورہی ہے ۔ نینی تال شہر میں گزشتہ تین دن سے مسلسل بارش ہونے سے لوگ گھرپرہی رہنے کو مجبورہیں۔اتراکھنڈ کے علاوہ بہار کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید بارش کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اسی طرح گجرات سے بھی شدید بارش کی اطلاعات ہیں۔