نینی تال : اتراکھنڈ میں نیپالی نژاد کے لوگوں کوکورونا کا ٹیکہ لگائے جانے کا راستہ صاف ہوگیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کو اس کے لئے منظوری دے دی ہے ۔ اب نیپالی لوگ بغیرشناختی کارڈ کے کورونا کا ٹیکہ لگاسکیں گے ۔قومی صحت مشن، اتراکھنڈ کے ڈائریکٹر کی جانب سے اس بارے میں ایک خط ہفتہ کو جاری کیا گیا ہے ۔ ریاست کے امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر کے ایس مرتولیا کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اس تعلق سے منظوری مل گئی ہے ۔ ریاست کے تمام چیف میڈیکل افسران (سی ایم او) کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بغیر شناختی کارڈ کے بھی نیپالی نژاد کے لوگ ویکسین لگاسکیں گے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کل بھیجی گئی میل میں کہا گیا ہے کہ نیپالی نژاد لوگوں کو ویکسین مرکزی حکومت کی جانب سے چھ مئی کو جاری خط اورجاری معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) کے مطابق لگائی جاسکے گی۔ جس میں ریاست میں ان لوگوں کو ویکسین لگائے جانے کا ذکر ہے جن کے پاس کووڈپورٹل پر رجسٹریشن کرانے کے لئے شناختی کارڈ دستیاب نہیں ہے ۔ اس سے واضح ہے کہ اب نیپالی لوگ بغیر آدھارکارڈ اورشناختی کارڈ کے ویکسین لگاسکیں گے ۔